پتور 19 / اکتوبر (ایس او نیوز) ایک فاریسٹ آفیسر کو اپنی ذمہ داری انجام دینے سے روکنے اور اس کے ساتھ گالی گلوچ اور بد زبانی کرنے کے الزام میں ایم ایل اے ہریش پونجا پر پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔
یاد رہے کہ ایک غیر قانونی مکان تعمیر کے معاملے کو روکنے کے لئے پہنچے ہوئے اپن انگڈی فاریسٹ رینج آفیسر (آر ایف او) جیا پرکاش کے ساتھ ایم ایل اے پونجا کی بدتمیزی اور ہنگامہ آرائی کا ویڈیو کلپ وائرل ہوگیا تھا جس کے بعد پتور تعلقہ اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز ایسو سی ایشن نے سرکاری آفیسر کے ساتھ ایم ایل اے ہریش پونجا کے انتہائی نازیبا رویہ پر اپنا سخت اعتراض جتاتے ہوئے پتور اسسٹنٹ کمشنر کے پاس شکایت درج کروائی تھی ۔ اس کے علاوہ میڈیا اور انٹرنیٹ پر بھی ایم ایل اے کی رویے کی سخت مذمت کی جا رہی تھی ۔
آر ایف او جیا پرکاش کی جانب سے دی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ لولاکیشا گوڈا کی طرف سے ریزرو فاریسٹ کی زمین پر غیر قانونی تعمیر کیے جانے کی خبر ملنے پر جب وہ اپنے دیگر افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے اور گوڈا کو عمارت کی بنیاد ہٹانے کے لئے کہا گیا تو اس نے بنیاد کی دیواریں ہٹانے سے انکار کیا ۔ جس کے بعد محکمہ جنگلات کے ملازمین نے یہ دیواریں ہٹانے کی کوشش کی ۔ اس دوران موقع پر پہنچے ہوئے ایم ایل اے ہریش پونجا نے محکمہ جنگلات کے افسران کو غیر قانونی قبضہ ہٹانے سے روکا ۔ افسران کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی اور عوام کے سامنے آر ایف او کو گالیاں دیں اور خطرناک انجام کی دھمکیاں بھی دیں ۔
اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایم ایل اے ہریش پونجا اور اس کے ایک اور ساتھی کے خلاف کیس درج کیا ہے